فیفا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پیراگوئے نے جرمنی کو شکست دے دی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں اس کے لیے ایک غیر معمولی لمحہ ثابت ہوا۔
بوسٹن میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں دونوں ٹیموں نے بھرپور کھیل پیش کیا۔ مقررہ 90 منٹ کے اختتام پر اسکور 1-1 سے برابر رہا، جبکہ اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پانچ، پانچ پنالٹی ککس میں دونوں ٹیمیں صرف تین، تین گول کرنے میں کامیاب رہیں۔ اس کے بعد سڈن ڈیتھ مرحلہ شروع ہوا جہاں جرمنی کا پہلا شاٹ ناکام رہا۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پیراگوئے کے کھلاڑی نے اپنی پنالٹی کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے ٹیم کو اگلے مرحلے تک پہنچا دیا۔
THE FOUR-TIME WORLD CUP WINNERS, GERMANY, ARE ELIMINATED IN THE ROUND OF 32 BY PARAGUAY ON PENALTIES.
The first upset of the knockout stage 🤯 pic.twitter.com/axPr7fNdEN
— ESPN (@espn) June 29, 2026
اس شکست کے ساتھ ہی جرمنی کا ٹورنامنٹ میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جرمن ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جسے فٹبال شائقین ایک بڑی اپ سیٹ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
دوسری جانب کامیابی کے بعد پیراگوئے کے کھلاڑیوں اور مداحوں نے اسٹیڈیم میں بھرپور جشن منایا۔ کھلاڑی ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے رہے جبکہ شائقین نے اپنی ٹیم کی تاریخی فتح کا جوش و خروش سے استقبال کیا۔ دوسری طرف جرمن کیمپ میں مایوسی واضح دکھائی دی اور کھلاڑی افسردہ نظر آئے۔
اب پری کوارٹر فائنل میں پیراگوئے کا مقابلہ فرانس یا سوئیڈن میں سے کامیاب ہونے والی ٹیم سے ہوگا۔ فٹبال کے شائقین اس آئندہ میچ کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں، کیونکہ پیراگوئے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے مزید کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔