سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا، جبکہ سابق آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے مؤقف کی حمایت کردی ہے۔
پیٹ کمنز نے اپنے بیان میں کہا کہ عثمان خواجہ کا یہ دعویٰ کہ 2018 میں پوری آسٹریلوی ٹیم کو بال ٹیمپرنگ منصوبے کا علم تھا، مکمل طور پر غلط ہے۔ ان کے مطابق وہ نہ تو سینڈ پیپر استعمال کرنے کے کسی منصوبے کا حصہ تھے اور نہ ہی انہیں میدان میں اس کے استعمال کا علم تھا۔
آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کے لیے نہ کوئی ماسٹر پلان بنایا گیا تھا اور نہ ہی اس حوالے سے ٹیم کی کوئی میٹنگ ہوئی تھی۔ انہوں نے عثمان خواجہ کی شخصیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں اس معاملے کا علم ہوتا تو وہ اسے روکنے کی کوشش کرتے۔ کمنز نے کہا کہ کتاب میں لگائے گئے الزامات پر انہیں شدید حیرت ہوئی ہے۔
پیٹ کمنز نے مزید کہا کہ عثمان خواجہ کی جانب سے لگائے گئے بعض الزامات ممکنہ طور پر ہتک آمیز ہوسکتے ہیں، تاہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے عثمان خواجہ سے بات ہوئی ہے، لیکن حالیہ صورتحال کے بعد وہ اپنے تعلقات کے مستقبل کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
کمنز کے مطابق انہیں ایسی کسی میٹنگ کا بھی یاد نہیں جس میں کھلاڑیوں نے اجتماعی طور پر بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی ذمہ داری قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران سوالات کے جواب سچائی کے ساتھ دیے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو دی جانے والی سزائیں ضرورت سے زیادہ سخت تھیں، تاہم آٹھ سال پرانے معاملے کو دوبارہ اٹھانے سے کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ متاثر ہورہے ہیں۔
دوسری جانب سابق آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر نے پیٹ کمنز کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے عثمان خواجہ کی حمایت کی۔ وارنر کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں جو کچھ لکھا ہے وہ اس کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے خیال میں خواجہ نے سچ بیان کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیٹ کمنز مکمل تیاری کے ساتھ میڈیا کے سامنے آئے اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ کپتان نے عثمان خواجہ کو مشکل صورتحال میں تنہا چھوڑ دیا۔