سڈنی: دنیا کی بڑی میراتھون ریسز میں شمار ہونے والی سڈنی میراتھون 2026 کل آسٹریلیا میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد رنرز شرکت کریں گے۔ میگا ایونٹ میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد ایتھلیٹس بھی دوڑ میں حصہ لیں گے، جن میں 19 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔
سڈنی میراتھون میں شریک پاکستانی دستے میں پاکستان کے مختلف شہروں کے علاوہ آسٹریلیا، امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب میں مقیم رنرز بھی شامل ہیں۔ پاکستان سے 12 رنرز خصوصی طور پر اس عالمی مقابلے میں شرکت کیلئے سڈنی پہنچ چکے ہیں، جو ملک کی نمائندگی کریں گے۔
کراچی سے خالد شیخ، ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی، شعیب نظامی، علی قاضی، دانش الہیٰ، حسنین دھرمسے اور یوسف ملک میراتھون میں حصہ لیں گے۔ دیگر پاکستانی رنرز میں علی زیدی، عامر بٹ، قمر ضیا، جنید میمن، زین عالم، نوید حسن، عمر رشید، تابش مختار، میر شہزاد اور ڈاکٹر عدنان افضل شامل ہیں۔
خواتین رنرز میں کوکب سرور، ڈاکٹر رابعہ نعیم، مہوش بلال، حرا دیوان اور سیدہ میمونہ ہمدانی شامل ہیں۔ جیو نیوز کے ڈپٹی اسپورٹس ایڈیٹر فیضان لاکھانی کا نام بھی سڈنی میراتھون کی اسٹارٹ لسٹ میں شامل ہے، جس سے پاکستانی میڈیا کی نمائندگی بھی اس عالمی دوڑ میں ہوگی۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے رنر دانش الہیٰ اس بار منفرد انداز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ روایتی شلوار قمیض پہن کر میراتھون میں دوڑیں گے۔ ان کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان کا ایک مثبت اور نرم تشخص دنیا کے سامنے پیش کرنا اور ملک کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ سڈنی میراتھون دانش الہیٰ کی ساتویں میراتھون ہوگی اور وہ اس شرکت کیلئے خاصے پرجوش ہیں۔
42.195 کلومیٹر طویل سڈنی میراتھون نارتھ سڈنی سے شروع ہوگی۔ رنرز سڈنی ہاربر برج، دی راکس، بارنگارو اور ڈارلنگ ہاربر سمیت شہر کے معروف مقامات سے گزرتے ہوئے سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب قائم فنش لائن تک پہنچیں گے، جس سے ریس کا روٹ بھی شرکا کیلئے خاص کشش رکھتا ہے۔