پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے قومی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی جبکہ اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج شامل کیا گیا ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں منیبہ علی، گل فیروزہ، عائشہ ظفر، ارم جاوید، ایمان فاطمہ اور عالیہ ریاض شامل ہیں۔
دیگر کھلاڑیوں میں نتالیہ پرویز، سائرہ جبین، طوبہ حسن، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، نشرہ سندھو، ڈیانا بیگ اور تسمیہ رباب کو بھی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔
پاکستانی اسکواڈ میں شامل کئی نوجوان کھلاڑی پہلی مرتبہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کریں گی۔ ان میں ایمان فاطمہ، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سائرہ جبین اور تسمیہ رباب شامل ہیں، جنہیں مستقبل کے اہم کھلاڑیوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
پی سی بی نے ریزرو کھلاڑیوں کا بھی اعلان کیا ہے جن میں امبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور اُم ہانی شامل ہیں۔
🚨 Presenting the Pakistan squad for Ireland tri-series and ICC Women’s T20 World Cup 2026 🇵🇰🏏
More details ➡️ https://t.co/xAjoliz9Hr#BackOurGirls | #IREWvPAKW | #T20WorldCup pic.twitter.com/fuDh6tkwfA
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) May 16, 2026
یاد رہے کہ فاطمہ ثناء نہ صرف آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 بلکہ آئرلینڈ میں ہونے والی تین ملکی سیریز میں بھی پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی۔ یہ سیریز 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن میں کھیلی جائے گی جس میں میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی۔
یہ تین ملکی سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ورلڈ کپ سے قبل اہم تیاری تصور کی جارہی ہے۔ قومی ٹیم ورلڈ کپ سے پہلے 6 جون کو سری لنکا اور 9 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم اپنے ورلڈ کپ مہم کا آغاز 14 جون کو برمنگھم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کرے گی۔ شائقین کرکٹ کو اس بڑے مقابلے کا بےصبری سے انتظار ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم نے حال ہی میں کراچی میں زمبابوے کے خلاف ٹی20 اور ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا، جس سے ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔