وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور رنگ روڈ انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور رنگ روڈ پی ڈی اے ٹول پلازہ حیات آباد انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس منصوبے کو پشاور میں ٹریفک کے مسائل کم کرنے اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ دو لینز پر مشتمل انڈر پاس منصوبہ ایک ارب 60 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل سے رنگ روڈ اور حیات آباد کے درمیان ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور جدید ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سفری اور شہری سہولیات میسر آ سکیں۔ انڈر پاس منصوبہ بھی اسی وژن کا حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کے دوران پشاور بحالی پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 200 ارب روپے مالیت کے اس جامع پروگرام کو تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔

ان کے مطابق پشاور بحالی پروگرام کے تحت شہر میں متعدد ترقیاتی، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن کا مقصد پشاور کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پروگرام میں شامل تمام منصوبوں پر بروقت کام کا آغاز کیا جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین