وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی کیش لیس معیشت کی جانب پیش رفت پائیدار معاشی ترقی، شفافیت اور مالیاتی نظام میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ایک سال کے دوران موبائل بینکنگ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد 95 ملین سے بڑھ کر 137 ملین ہو گئی ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان کی کیش لیس معیشت کی جانب سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ جدید ڈیجیٹل نظام عوام کے لیے مالی لین دین کو مزید آسان بنا رہا ہے۔
شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ دکانداروں کو کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیاں قبول کرنے کی ترغیب دینے کے لیے آگاہی مہم مزید مؤثر بنائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے کاروباری سرگرمیوں میں شفافیت اور سہولت دونوں میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بیرون ملک سے آنے والی تمام ترسیلات زر کو ڈیجیٹل ذرائع سے منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو شفاف، مؤثر اور مستحق افراد کے لیے زیادہ آسان قرار دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے تاجروں کی تعداد میں 300 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح تقریباً ایک کروڑ بی آئی ایس پی مستحقین کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال موصول ہونے والی 92 فیصد ترسیلات زر بھی ڈیجیٹل ذرائع سے منتقل ہوئیں۔
حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ کیش لیس معیشت پروگرام کی آزادانہ جانچ جاری ہے اور اس کی حتمی رپورٹ سفارشات کے ساتھ نومبر میں پیش کی جائے گی۔ حکومت کا مقصد مالی شمولیت، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی معاشی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔