لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبہ کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم میں اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ سے ڈاؤن پیمنٹ وصول نہ کرنے کی ہدایت کردی۔ اس فیصلے کا مقصد نوجوانوں کے لیے الیکٹرک بائیک کا حصول مزید آسان بنانا ہے۔
مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی الیکٹرک بائیک اسکیم سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طلبہ کے لیے بائیک کی قیمت ماہانہ اقساط میں ادا کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا، جس کے تحت 3 ہزار روپے ماہانہ قسط مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں اسکیم کو مزید وسیع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ حکومتی فیصلے کے مطابق مستقبل میں سرکاری ملازمین، عام شہریوں اور ڈیلیوری بوائز کو بھی الیکٹرک بائیک اسکیم میں شامل کیا جائے گا، جس سے اس پروگرام کے دائرہ کار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پنجاب طلبہ کے لیے ای بائیک پر عائد سود اور انشورنس کی رقم بھی خود ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ الیکٹرک بائیک کے ساتھ طلبہ کو ہیلمٹ اور سیفٹی راڈ بھی مفت فراہم کیا جائے گا تاکہ سفر کے دوران ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔
طلبہ کو الیکٹرک بائیک چلانے اور حفاظتی اصولوں سے آگاہ کرنے کے لیے دو روزہ مفت تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ حکومتی منصوبے کے مطابق منتخب طلبہ کو بائیکس کی فراہمی کا عمل مکمل کرنے کے لیے چھ ہفتوں کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ الیکٹرک بائیک اسکیم کے لیے آن لائن پورٹل اسی ہفتے کھولا جائے تاکہ طلبہ درخواستیں جمع کرا سکیں۔ انہوں نے اسکیم پر عملدرآمد کو تیز کرنے اور تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔