کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے میں سرکاری ملازمتوں کی مبینہ خرید و فروخت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے سینئر افسران سے حلف لے لیا کہ بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف صوبائی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران انتظامی امور اور سرکاری معاملات سے متعلق اہم ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے سینئر افسران سے حلف لیا کہ سرکاری ملازمتوں کی بھرتی کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی نوکری کو فروخت نہیں کیا جائے گا۔
سرفراز بگٹی نے اس موقع پر واضح الفاظ میں کہا کہ اگر صوبے میں نوکریوں کی خرید و فروخت ثابت ہوئی تو اس معاملے میں کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ کوئی سیکرٹری بچے گا اور نہ ہی کوئی وزیر کارروائی سے محفوظ رہے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سرکاری ملازمتوں میں میرٹ اور شفافیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بھرتیوں کے عمل میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا غیر قانونی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب محکمہ جنگلات میں بھرتیوں کے حوالے سے سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کی شکایات کا بھی اجلاس میں جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا۔