واٹس ایپ پی ڈی ایف ویونگ فیچر

واٹس ایپ ویب پر پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھنے کا نیا فیچر متعارف

مینلو پارک: میٹا نے واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر براہِ راست چیٹ کے اندر ہی دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس مقصد کے لیے اڈوب ایکروبیٹ کی سپورٹ واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ میں شامل کی گئی ہے، جس سے دستاویزات تک رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

اس سے قبل اگر کسی صارف کو واٹس ایپ پر پی ڈی ایف فائل موصول ہوتی تھی تو اسے پہلے ڈیوائس میں ڈاؤن لوڈ کرنا ضروری ہوتا تھا، تاہم نئی اپ ڈیٹ کے بعد فائل کو بغیر ڈاؤن لوڈ کیے فوری طور پر کھولا جا سکے گا۔

میٹا نے بتایا کہ صارفین صرف پی ڈی ایف دیکھ ہی نہیں سکیں گے بلکہ بعض بنیادی ایڈیٹنگ فیچرز جیسے ہائی لائٹ اور اینوٹیشنز بھی استعمال کر سکیں گے۔ یہ سہولت اڈوب کے ساتھ شراکت داری کے نتیجے میں فراہم کی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ کے دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد صارفین ہیں، جن میں سے بڑی تعداد روزانہ دستاویزات کا تبادلہ کرتی ہے۔ نئے فیچر سے تعلیمی، کاروباری اور ذاتی استعمال کے لیے پی ڈی ایف فائلوں کا تبادلہ مزید آسان ہو جائے گا، جبکہ چیٹس کے اندر موجود دستاویزات بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ رہیں گی۔

اس کے علاوہ کمپنی نے آئی پیڈ پر براہِ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے، ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے نئے ڈیزائن، اور واٹس ایپ اسٹیٹس میں مختلف میوزک سروسز سے گانے شیئر کرنے جیسے مزید فیچرز بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین