تنخواہ دار طبقہ ٹیکس ریلیف کے تحت حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں چار مختلف آمدنی سلیبس پر انکم ٹیکس کی شرح میں کمی اور سرچارج کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے کی مالی مشکلات سے مکمل آگاہ ہے اور ان کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت نے تنخواہ دار افراد کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج تیار کیا ہے۔
بائیس لاکھ سے بتیس لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے افراد کیلئے ٹیکس کی شرح 23 فیصد سے کم کر کے 20 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اسی طرح بتیس لاکھ سے اکتالیس لاکھ روپے سالانہ آمدنی والوں کیلئے ٹیکس کی شرح 30 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کرنے کی تجویز شامل ہے۔
اکتالیس لاکھ سے چھپن لاکھ روپے سالانہ کمانے والوں کیلئے ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 29 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
چھپن لاکھ سے ستر لاکھ روپے سالانہ آمدنی والے افراد کیلئے ٹیکس کی شرح 35 فیصد سے کم کر کے 32 فیصد کرنے کی تجویز بھی بجٹ میں شامل ہے۔
حکومتی حکام کے مطابق یہ اقدامات تنخواہ دار طبقہ ٹیکس ریلیف کے تحت کیے گئے ہیں تاکہ ملازمین پر مالی دباؤ کم ہو سکے اور معاشی توازن بھی برقرار رہے۔