فیلڈ مارشل عاصم منیر

بلوچستان کی تقدیر عوام کے ہاتھ میں ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کی تقدیر اور مستقبل کا فیصلہ بلوچستان کے عوام ہی کریں گے، جبکہ ریاست ملک اور صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، امن و امان اور ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور یہ تعلق ہمیشہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے عوام کو باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار قرار دیا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ان کے لیے دستیاب مواقع کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان معاشرے کا سب سے متحرک اور امید افزا طبقہ ہیں اور بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے الزام عائد کیا کہ فتنہ خوارج اور فتنۃ الہندوستان بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے غیر ملکی سرپرستی یافتہ پراکسیز کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان عناصر کا مقصد صوبے کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنا اور ریاست و عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے دشمن کے پروپیگنڈے کا جامع انداز میں مقابلہ کرنے اور جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے پُرعزم اور فیصلہ کن ردعمل سے ملک اور بلوچستان کے خلاف مذموم عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین