ایم ڈی کیٹ 2026 شیڈول

پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا

ایم ڈی کیٹ 2026 شیڈول پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے لیے اہم تاریخوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا داخلہ ٹیسٹ 16 اگست کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت منعقد کیا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد طلبہ نے اپنی تیاریوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔

امتحان کے انعقاد کی ذمہ داری مختلف یونیورسٹیوں کو دی گئی ہے۔ پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور ٹیسٹ لے گی جبکہ سندھ میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا میں امتحان کی ذمہ داری خیبر میڈیکل یونیورسٹی کو دی گئی ہے جبکہ بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ امتحان منعقد کرے گی۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی یہ ذمہ داری سنبھالے گی۔

سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی امیدواروں کے لیے امتحانی مرکز قائم کیا جائے گا جس کی نگرانی بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کرے گی۔

ایم ڈی کیٹ 2026 شیڈول کے مطابق آن لائن رجسٹریشن 22 جون 2026 سے شروع ہوگی۔ نارمل فیس کے ساتھ آخری تاریخ 8 جولائی جبکہ لیٹ رجسٹریشن 13 جولائی تک کی جا سکے گی۔

پی ایم ڈی سی نے فیس 9 ہزار روپے مقرر کی ہے جبکہ لیٹ فیس 13 ہزار روپے ہوگی۔ بین الاقوامی امیدواروں کے لیے فیس 45 ہزار روپے اور لیٹ فیس 55 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین