قومی ائیر لائن کی نجکاری

قومی ائیر لائن کی نجکاری میں اہم پیش رفت، تمام ضروری منظوریوں کا حصول مکمل

اسلام آباد: قومی ائیر لائن کی نجکاری کے عمل میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ نجکاری کمیشن کے مطابق معاہدے کی تکمیل کے لیے درکار تمام ملکی و بین الاقوامی منظوریوں، این او سیز اور دیگر قانونی و انتظامی رضامندیوں کا حصول مکمل کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق نجکاری کے عمل کے تحت کامیاب بولی دہندہ کے ساتھ شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ پر بھی باضابطہ دستخط کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد معاہدے کے عملی مراحل تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت "فرسٹ کلوزنگ” کے مرحلے میں قومی ائیر لائن کے حصص کی منتقلی اور انتظامی کنٹرول نئے خریدار کے حوالے کیا جائے گا۔ اس مرحلے کو نجکاری کے عمل میں انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔

حکام نے بتایا کہ خریدار معاہدے کی شرائط کے مطابق فرسٹ کلوزنگ کے وقت بقایا رقم ادا کرے گا۔ اس مرحلے پر تقریباً 85 ارب روپے کی ادائیگی متوقع ہے، جو نجکاری معاہدے کا اہم مالی حصہ ہے۔

نجکاری کمیشن کے مطابق فرسٹ کلوزنگ جون 2026 کے اختتام تک مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اقدامات جاری ہیں۔ اس مقصد کے لیے انتظامی، مالیاتی اور قانونی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ عمل مقررہ وقت میں مکمل ہو سکے۔

فرسٹ کلوزنگ کے بعد قومی ائیر لائن کا انتظامی کنٹرول باضابطہ طور پر نئے خریدار کے پاس منتقل ہو جائے گا، جس کے بعد ادارے کے انتظام اور کاروباری فیصلوں کی ذمہ داری بھی خریدار سنبھالے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین