ایل پی جی

سرکاری نرخ کے باوجود پنجاب میں ایل پی جی مہنگی

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مہنگے داموں فروخت ہونے والی ایل پی جی نے گھریلو صارفین کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جبکہ عوام نے متعلقہ اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق حکومت نے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 308 روپے فی کلوگرام مقرر کر رکھی ہے، تاہم لاہور کے مختلف علاقوں میں متعدد دکاندار یہی گیس 480 سے 500 روپے فی کلوگرام تک فروخت کر رہے ہیں، جس سے سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمت میں نمایاں فرق پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض دکاندار اپنی مرضی سے روزانہ 10 سے 20 روپے فی کلوگرام تک قیمت بڑھا دیتے ہیں۔ قیمتوں میں اس مسلسل اضافے کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو گھریلو ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے ان کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق سرکاری نرخ نامہ موجود ہونے کے باوجود مارکیٹ میں اس پر عملدرآمد نہ ہونے سے عوام مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ اور سرکاری نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں تاکہ قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین