پی ایم ڈی کی ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے مطابق بحیرہ عرب سے آنے والے مون سون کے مضبوط سلسلے پاکستان کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتے کے آخر تک یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کرے گا، جبکہ پیر کے روز مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ملک کے شمالی حصوں میں داخل ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں 18 جولائی کی شام سے 25 جولائی تک بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ کئی مقامات پر شدید بارش متوقع ہے۔ نیلم ویلی، مظفرآباد، کوٹلی، میرپور، دیامر، استور، اسکردو اور گلگت متاثر ہونے والے اہم علاقوں میں شامل ہیں۔
پی ایم ڈی کی ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کے مطابق خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور پنجاب میں 19 سے 23 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ایبٹ آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت متعدد شہروں میں موسلا دھار بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 سے 24 جولائی تک بارش ہوگی۔
بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع ژوب، لورالائی، سبی اور خضدار میں بھی 19 سے 23 جولائی کے دوران بارش اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم تھرپارکر، مٹھی، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔ کراچی میں ہفتے کے آخر میں ہلکی بارش یا بوندا باندی سے درجہ حرارت تقریباً 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ مسلسل بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور اور ملتان کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور شمال مشرقی بلوچستان میں برساتی ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب بھی آسکتا ہے۔
پی ایم ڈی نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کسانوں کو زرعی سرگرمیاں موسم کے مطابق ترتیب دینے اور مویشیوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے، جبکہ حالیہ گرم اور مرطوب موسم میں بھی نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔