لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی

لاہور میں اورنج ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو کا ٹوکن اور کارڈ سسٹم ختم

لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اور اسپیڈو بس سروس میں ٹوکن اور پرانے ٹریول کارڈ سسٹم کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے انچارج عزیر شاہ نے اپنے بیان میں کیا۔

عزیر شاہ کے مطابق اب مسافر پرانے کارڈ یا ٹوکن استعمال نہیں کر سکیں گے۔ ان کی جگہ ٹی کیش کارڈ، موبائل ایپ اور اے ٹی ایم/ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے کرایہ ادا کیا جا سکے گا، جس کا مقصد سفری ادائیگی کے نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پرانے کارڈز میں موجود بیلنس واپس نہیں کیا جائے گا۔ تاہم مسافر اپنا پرانا کارڈ متعلقہ اسٹیشن پر جمع کرا کر صرف 130 روپے سکیورٹی رقم واپس حاصل کر سکتے ہیں۔

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے تمام مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پرانے کارڈ جلد از جلد متعلقہ اسٹیشنز پر جمع کرائیں تاکہ سکیورٹی ڈپازٹ واپس لیا جا سکے اور نئے ادائیگی نظام سے استفادہ کیا جا سکے۔

دوسری جانب متعدد مسافروں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کارڈ سسٹم ختم کیے جانے کے باوجود انہیں حال ہی میں اپنے کارڈ ری چارج کروانے کی اجازت دی گئی، جبکہ اس تبدیلی کے بارے میں پہلے سے کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی۔

مسافروں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ پرانے کارڈز میں موجود بیلنس کی واپسی کے حوالے سے واضح پالیسی سامنے لائی جائے تاکہ صارفین کو مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے ان شکایات پر مزید وضاحت کا انتظار ہے، جبکہ مسافروں کو آئندہ سفر کے لیے نئے ڈیجیٹل ادائیگی ذرائع استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین