براڈ پیک پر چند روز قبل آنے والے مہلک برفانی تودے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے مزید تین کوہ پیماؤں کی لاشیں نکال کر بیس کیمپ منتقل کر دی ہیں۔ دشوار گزار پہاڑی علاقے میں جاری ریکوری آپریشن خراب موسمی حالات کے باوجود جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق برفانی تودے کے حادثے میں مجموعی طور پر 10 کوہ پیما جان کی بازی ہار گئے تھے۔ ریسکیو اہلکار متاثرہ علاقے میں لاپتا افراد کی تلاش اور لاشوں کی منتقلی کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی لاشیں تقریباً 5 ہزار میٹر کی بلندی پر موجود تھیں، جہاں دشوار راستوں اور برفانی حالات کے باعث ریکوری کا عمل انتہائی مشکل ثابت ہوا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ایک نیپالی کوہ پیما کی لاش بھی بیس کیمپ پہنچا دی گئی ہے۔ اہلِ خانہ کی خواہش کے مطابق اس کی آخری رسومات برطانیہ میں ادا کی جائیں گی۔
ریسکیو حکام کے مطابق برآمد کی گئی لاشوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے آج اسکردو منتقل کیا جائے گا، جہاں ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے بعد انہیں متعلقہ خاندانوں کے حوالے کیا جائے گا۔
دوسری جانب دو لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش تاحال جاری ہے۔ لاپتا افراد میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی اور ایک خاتون کوہ پیما شامل ہیں۔ خراب موسم اور دشوار گزار راستے سرچ آپریشن میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔