قومی کرکٹرز سی پی ایل این او سی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شرکت کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کو 19 اگست کو این او سی جاری کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی فرنچائزز کو جوائن کر سکیں۔
ذرائع کے مطابق کیریبین پریمیئر لیگ کا آغاز آج سے ہو رہا ہے جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ تاہم پاکستانی کھلاڑی ابتدائی میچز میں دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ وہ پہلے قومی سطح کے اہم ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔
نیشنل چیمپئنز کپ 11 سے 18 اگست تک ملتان میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملکی ڈومیسٹک ایونٹ کو ترجیح دیتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ قومی کرکٹرز کو بیرون ملک لیگ میں شرکت کے لیے این او سی ٹورنامنٹ مکمل ہونے کے بعد جاری کیے جائیں گے۔
سی پی ایل میں صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان، معاذ صداقت، نسیم شاہ اور سفیان مقیم مختلف فرنچائزز کے ساتھ معاہدے کر چکے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی نیشنل چیمپئنز کپ میں بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے، جس کے باعث وہ فوری طور پر کیریبین روانہ نہیں ہو سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل چیمپئنز کپ کے اختتام کے بعد 19 اگست کو ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے جائیں گے، جس کے بعد وہ اپنی اپنی سی پی ایل ٹیموں کو جوائن کریں گے اور ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز میں حصہ لیں گے۔
دوسری جانب عثمان طارق اور حنین شاہ بھی سی پی ایل اسکواڈز کا حصہ ہیں، تاہم وہ نیشنل چیمپئنز کپ میں شریک نہیں ہیں۔ اس وجہ سے ان کی دستیابی کے حوالے سے صورتحال مختلف ہو سکتی ہے۔