راجستھان سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ اداکارہ و ماڈل ہرشل کالیا پیر کی رات جے پور میں پیش آنے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ رات 11 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا، جب ہرشل کالیا کام سے واپس گھر جا رہی تھیں۔ اچانک ان کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے الٹ گئی۔
حکام نے بتایا کہ گاڑی تیزی سے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور قلابازیاں کھاتے ہوئے دور جا گری۔ مقامی افراد نے فوری طور پر گاڑی سیدھی کرکے اداکارہ کو باہر نکالا اور نجی اسپتال منتقل کیا۔
تاہم سر کی شدید چوٹوں کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس حکام نے مزید بتایا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی اور حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ہرشل کالیا نے ویب سیریز ’کرائم نیکسٹ ڈور‘ میں کام کیا اور ایک نیوز چینل میں اینکر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے متعدد راجستھانی گانوں میں مرکزی کردار ادا کیا اور حالیہ دنوں میں ماڈلنگ کے شعبے میں سرگرم تھیں۔
اداکارہ کی اچانک موت نے ان کے مداحوں اور شوبز کمیونٹی میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔ سوشل میڈیا پر فینز اور ساتھی اداکار تعزیت کر رہے ہیں۔
حادثے نے ایک بار پھر ٹریفک سیفٹی اور ڈرائیونگ کے دوران احتیاط کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر محتاط رہیں۔