پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق گفتگو میں خطے کی تازہ صورتحال اور مغربی ایشیا میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے حالیہ سفارتی پیش رفت اور خطے کے مسائل کے سیاسی و سفارتی حل کے لیے جاری کوششوں پر بھی گفتگو کی۔ اس دوران باہمی مشاورت اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور بھی زیر بحث آئے۔
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران کا دورہ کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ دورہ خطے میں امن اور سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
عاصم منیر کا ایران کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب خطے میں سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دورے کے دوران پاکستانی چیف آف ڈیفنس فورسز کی ایران کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں، جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ عرصے میں اعلیٰ سطح پر رابطوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دونوں ممالک کے حکام خطے میں امن و استحکام، سکیورٹی اور موجودہ بحرانوں کے سیاسی حل کے لیے مشاورت کرتے رہے ہیں۔
اس سے قبل بھی پاکستانی اور ایرانی حکام کے درمیان متعدد سفارتی رابطے ہوچکے ہیں۔ پاکستان نے علاقائی کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کے لیے اپنے کردار کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔