اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملکی دفاعی پیداواری صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے ساتھ مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے ہتھیاروں اور گولہ بارود کے تجربات اور آزمائشوں کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پی او ایف کی پیداواری صلاحیت، برآمدی امکانات اور ملکی دفاعی صنعتی بنیاد کو مضبوط بنانے میں ادارے کے کردار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں پی او ایف کی مختلف سرگرمیوں اور ملکی دفاعی ضروریات پوری کرنے کیلئے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل کو مقامی سطح پر مختلف اقسام کے فوجی سازوسامان کی تیاری اور ترقی سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر موجود حکام نے مقامی پیداوار بڑھانے، موجودہ دفاعی مصنوعات کو جدید بنانے اور ملکی تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کیے گئے مختلف ہتھیاروں اور گولہ بارود کے عملی تجربات اور آزمائشیں بھی دیکھیں۔ ان تجربات کے ذریعے دفاعی شعبے میں ملکی سطح پر تیار کی جانے والی مصنوعات کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو پی او ایف کو کارپوریٹ ادارے میں تبدیل کرنے کے عمل میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں مقامی تیاری، پیداواری نظام کو جدید بنانے اور دفاعی مصنوعات کی اپ گریڈیشن کیلئے جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پی او ایف میں دو نئے صنعتی پلانٹس بھی نصب کیے جا رہے ہیں، جن سے رواں سال کے اختتام تک پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔ نئے منصوبوں کا مقصد ادارے کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور پاکستان کی دفاعی صنعتی بنیاد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
