کیمبرج کا بڑا یوٹرن

کیمبرج کا بڑا یوٹرن: اے لیول میتھس کے پاکستانی طلبہ کو اصل امتحانی کارکردگی پر گریڈ ملیں گے

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے جون 2026 کے امتحانی سیشن میں لیک ہونے والے پرچوں سے متعلق اپنے سابقہ فیصلے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے پاکستان کے ہزاروں طلبہ کو بڑی خوشخبری سنا دی ہے۔

کیمبرج کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعلامیے کے مطابق A Level Mathematics (9709 Paper 52) کے پاکستانی امیدواروں کے نتائج اب ان کے اصل امتحانی جوابات کی بنیاد پر جاری کیے جائیں گے، جبکہ پہلے اعلان کردہ Assessed Marks کا طریقہ کار اس پرچے پر لاگو نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ مئی 2026 میں کیمبرج نے اعلان کیا تھا کہ ریاضی کے اس پرچے کے امتحان سے قبل سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے باعث اسے منسوخ کر دیا جائے گا اور امیدواروں کو Assessed Marks دیے جائیں گے۔ تاہم بعد میں ہونے والی جامع تحقیقات، امتحانی ڈیٹا کے تفصیلی تجزیے اور دستیاب شواہد کے جائزے سے معلوم ہوا کہ پاکستان میں اس لیک شدہ پرچے تک رسائی محدود تھی اور اس سے مجموعی نتائج پر کوئی نمایاں اثر نہیں پڑا۔

اسی بنیاد پر کیمبرج نے اپنا سابقہ فیصلہ واپس لیتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستانی طلبہ کے گریڈ ان کی اصل امتحانی کارکردگی کے مطابق دیے جائیں گے۔

دوسری جانب AS Level Computer Science (9618 Paper 12) کے حوالے سے کیمبرج نے اپنے پہلے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ پرچہ پاکستان میں امتحان سے قبل بڑے پیمانے پر گردش میں آیا تھا، جس کے باعث اس مضمون کے امیدواروں کے لیے Assessed Marks ہی استعمال کیے جائیں گے۔

کیمبرج کا کہنا ہے کہ Assessed Marks کا مقصد امتحانی نظام کی شفافیت کو برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ ناجائز فائدے کو روکنا ہے، جبکہ دیانت داری سے امتحان دینے والے طلبہ کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جاتا ہے۔

ادارے نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ جون 2026 کے امتحانی سیشن کے دوران سوشل میڈیا پر جعلی لیک شدہ پرچوں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ نے طلبہ، والدین اور تعلیمی اداروں میں بے چینی پیدا کی۔

کیمبرج نے متاثرہ امیدواروں کے لیے ایک اور اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن طلبہ کے نتائج Assessed Marks کی بنیاد پر جاری ہوں گے، وہ نومبر 2026 میں متعلقہ پرچے کا بلامعاوضہ ری ٹیک دے سکیں گے۔ بعد ازاں انہیں دونوں نتائج میں سے بہتر نتیجہ منتخب کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، تاہم ادارے کے 13 ماہ کے موجودہ ضوابط بدستور نافذ رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین