مصطفیٰ کمال نئے صوبے

نئے صوبوں کی مخالفت پر شہری سندھ کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جو لوگ کانٹا چبھنے کی تکلیف برداشت نہیں کرسکتے، وہ نئے صوبوں کے مطالبے پر سندھ کے شہری علاقوں کو خون میں نہلانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی تحریک پاکستان کی بقا اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی جدوجہد ہے۔

کراچی کے ضلع کورنگی میں پارٹی ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 1973 کا آئین کوئی آسمانی صحیفہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق آئین کی خود ساختہ چیمپئن پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے متعارف کردہ آئین میں 27 ترامیم کروا چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے 18ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد وفاقی حکومت بجٹ کے پہلے دن ہی مالی طور پر مشکلات کا شکار ہوجاتی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ صوبوں کو ہزاروں ارب روپے منتقل کیے جانے کے باوجود وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے گریزاں ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ گزشتہ 16 برس کے دوران وفاق سے تقریباً 22 ہزار ارب روپے ملنے کے باوجود کراچی سے کشمور تک ترقیاتی مسائل موجود ہیں۔ ان کے مطابق صوبوں کو ملنے والے مالی وسائل کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کی تحریک عام انتخابات میں نشستیں حاصل کرنے یا سیاسی فائدہ اٹھانے کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی بقا اور آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے ایک سنجیدہ جدوجہد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مطالبے کی مخالفت کرنے والے شہری سندھ میں تشدد کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ کراچی تیار ہے، ظلم کا خاتمہ ہوگا اور مظلوم عوام کے لیے راحت کا دور شروع ہونے والا ہے۔ انہوں نے اس تحریک کو ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے عوام نئے صوبوں کے حق میں اپنی تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع میں شرکت کرکے اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین