خیبرپختونخوا 160 ارب روپے ترقیاتی پیکج

وزیراعظم شہباز شریف کا خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے کے بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ابتدائی طور پر 10 ارب روپے صوبائی حکومت کو جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے ساتھ امن و امان، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 مخصوص اضلاع کے لیے 96 ارب 97 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے کے دیگر 25 اضلاع کے لیے 63 ارب 20 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس پیکج کے ذریعے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق 12 مخصوص اضلاع میں مجموعی طور پر 430 ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان میں 7 خصوصی منصوبوں پر 19 ارب 27 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، جبکہ دیگر 423 منصوبوں کے لیے 77 ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ ان اضلاع میں 100 روزہ اور 180 روزہ ترقیاتی پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔

ترقیاتی پیکج میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط کرنے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے 62 منصوبوں پر 39 ارب 19 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ صحت کے 41 منصوبوں کے لیے 3 ارب 20 کروڑ روپے جبکہ تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ باجوڑ، کرم اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تین دانش اسکول قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 70 اسکولوں کی مرمت و اپ گریڈیشن اور 409 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

سڑکوں اور پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی ترقیاتی پیکج کا اہم حصہ ہیں۔ مخصوص اضلاع میں سڑکوں کی بہتری کے 32 منصوبوں کے لیے 12 ارب 70 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ٹل پاراچنار روڈ اور گومل زام ڈیم کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ مزید برآں 88 مقامات پر پانی کی فراہمی کی اسکیموں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔

زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بھی خصوصی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن کے تحت 100 طلبہ کو چین میں زرعی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین