کیپٹن صفدر مریم نواز کا رشتہ

مریم نواز سے جھگڑے کے بعد منانے میں پہل کون کرتا ہے؟ کیپٹن صفدر نے بتا دیا

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے اپنے ازدواجی تعلق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان اختلاف کی صورت میں معاملہ معمول پر لانے کے لیے پہل عموماً مریم نواز کی جانب سے ہوتی ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے سیاسی معاملات کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی اور مریم نواز کے ساتھ تعلق کے بارے میں بھی گفتگو کی۔

مریم نواز کے ساتھ اپنے تعلق کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ وہ اہلیہ پر حکم نہیں چلاتے۔ ان کے مطابق دونوں کے درمیان تعلق ادب، احترام اور عزت پر مبنی ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے بتایا کہ ان کی اور مریم نواز کی شادی کو 35 برس گزر چکے ہیں۔ ان کے تین بچے ہیں اور ان کے بچے بھی اولاد کے والدین بن چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ پنجاب کابینہ کا حصہ کیوں نہیں بنے۔

اس حوالے سے انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ جب وزیراعلیٰ مریم نواز آتی ہیں تو کابینہ کے ارکان سمیت سب کو کھڑا ہونا پڑتا ہے، اس لیے وہ کابینہ میں شامل نہیں ہوئے۔

مریم نواز سے گھریلو جھگڑے کے حوالے سے سوال پر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ دونوں کے درمیان اختلافات بہت معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی صورتحال میں معاملہ ختم کرنے یا صلح کی جانب بڑھنے کے لیے مریم نواز کی طرف سے ہی پیش رفت ہوتی ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے گھریلو زندگی کی ایک دلچسپ مثال بھی بیان کی۔ ان کے مطابق گھر میں جب مٹھائی آتی ہے تو مریم نواز اسے چھپا دینے کا کہتی ہیں، کیونکہ انہیں خدشہ ہوتا ہے کہ صفدر ساری مٹھائی کھا لیں گے اور پھر طبیعت خراب ہو جائے گی۔ ان کے یہ تبصرے ان کے ذاتی اور خاندانی تعلق کے حوالے سے گفتگو کا حصہ تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین