کراچی: پاکستان بھر میں آج یومِ دفاعِ وشہدا قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد 1965 کی جنگ میں ملک کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور وطن کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دینے والے غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
یومِ دفاعِ وشہدا ہر سال 6 ستمبر کو جنگِ ستمبر 1965 کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ 61 سال قبل پاکستانی افواج اور قوم نے رات کی تاریکی میں کیے گئے بھارتی حملے کا مقابلہ کیا اور ملکی دفاع کے لیے بھرپور مزاحمت کی۔ یہ دن پاکستانی تاریخ میں قومی یکجہتی، قربانی اور دفاعِ وطن کے جذبے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
کراچی میں یومِ دفاعِ وشہدا کے سلسلے میں مزارِ قائد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ تقریب میں ایئر وائس مارشل حسن فیصل، ایئر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔ ان کے مطابق مشکل حالات میں پاک فضائیہ نے ملک کی خدمت جاری رکھی اور ملکی فضائی حدود کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو بھی سلام پیش کیا۔
ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس بھارتی جارحیت کے دوران بھی پاک فضائیہ نے مؤثر انداز میں اپنے فرائض انجام دیے اور ملک کے دفاع کے عزم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سربراہ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید دفاعی نظام اور نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ تقریب کے موقع پر شہدا کی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن کی سلامتی، خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے قومی ذمہ داری پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔