فیس بک میں ایک ایسا مفید فیچر موجود ہے جس کی مدد سے صارفین بیک وقت متعدد پرانی پوسٹس ڈیلیٹ یا آرکائیو کرسکتے ہیں۔ تاہم، برسوں سے یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے بہت سے افراد بھی اس سہولت سے واقف نہیں۔
بیشتر صارفین وقت کے ساتھ فیس بک پر سیکڑوں یا ہزاروں پوسٹس شیئر کرچکے ہوتے ہیں۔ جب ان پرانے مواد کو ہٹانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو ہر پوسٹ الگ سے ڈیلیٹ کرنا مشکل اور وقت طلب کام بن جاتا ہے۔
فیس بک نے اس مسئلے کے حل کے لیے منیج ایکٹیویٹی نامی فیچر فراہم کیا ہے۔ اس کے ذریعے صارفین ایک ہی وقت میں متعدد پوسٹس منتخب کرکے ڈیلیٹ کرسکتے ہیں۔ وہ چاہیں تو ان پوسٹس کو مستقل ختم کرنے کے بجائے آرکائیو میں بھی منتقل کرسکتے ہیں۔
کمپنی نے یہ فیچر صارفین کے لیے پرانے مواد کا انتظام آسان بنانے کے مقصد سے متعارف کرایا تھا۔ فیس بک کے مطابق لوگوں کی زندگیوں اور حالات میں وقت کے ساتھ تبدیلی آتی رہتی ہے۔ اسی لیے پرانی سرگرمیوں کا جائزہ لینے اور غیر ضروری مواد ہٹانے کی سہولت اہم ہے۔
اس فیچر تک رسائی کے لیے صارفین کو فیس بک کھول کر مینیو میں سیٹنگز اینڈ پرائیویسی کے آپشن پر جانا ہوگا۔ اس کے بعد ایکٹیویٹی لاگ منتخب کرکے منیج ایکٹیویٹی کے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔
یہ فیچر پرانی پوسٹس تلاش کرنے کے لیے مختلف فلٹرز بھی فراہم کرتا ہے۔ صارفین تاریخ، کیٹیگری یا ٹیگ کیے گئے افراد کی مدد سے متعلقہ پوسٹس تلاش کرسکتے ہیں۔ اس طرح برسوں پرانا مواد دستی طور پر اسکرول کیے بغیر آسانی سے مل جاتا ہے۔
ڈیلیٹ کی گئی پوسٹس فیس بک کے ایک علیحدہ فولڈر میں 30 دن تک موجود رہتی ہیں۔ اس مدت کے بعد انہیں مستقل طور پر حذف کردیا جاتا ہے، تاہم صارفین چاہیں تو اس سے پہلے بھی انہیں وہاں سے ڈیلیٹ کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب، آرکائیو میں منتقل کی گئی پوسٹس بعد میں دوبارہ دیکھی جاسکتی ہیں۔