گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی پیشکش مسترد کردی

گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی قومی اتحادی حکومت کی پیشکش مسترد کردی

اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں، تاہم اپوزیشن رہنما اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار گادی آئزن کوٹ نے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی قومی اتحادی حکومت بنانے کی پیشکش مسترد کردی ہے۔ آئزن کوٹ نے اس پیشکش کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو انتخابات میں اپنی شکست سے آگاہ ہیں اور نئی حکومت کی تشکیل کے عمل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے ایک بار پھر اپوزیشن رہنما کو مشترکہ حکومت بنانے کی دعوت دی تھی۔ اس تجویز کے تحت ایسی اتحادی حکومت تشکیل دینے کی بات کی گئی جس میں صرف یہودی سیاسی جماعتیں شامل ہوں، جبکہ عرب جماعتوں کو حکومت سے باہر رکھا جائے۔ نیتن یاہو کا مؤقف ہے کہ ایران سے لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی سطح پر سیاسی اتحاد ضروری ہے۔

گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں۔ ان کے مطابق نیتن یاہو ایسے وقت میں مذاکرات کی دعوت دے رہے ہیں جب سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت پہلے ہی جاری ہے۔ آئزن کوٹ نے کہا کہ یہ سیاسی حربے نہ ان پر اثر انداز ہوں گے اور نہ ہی اسرائیلی شہریوں کو گمراہ کرسکیں گے۔

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے حالیہ انتخابات کے بعد پارلیمنٹ کے 67 ارکان کی سفارشات ملنے پر گادی آئزن کوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کا باضابطہ مینڈیٹ دیا تھا۔ دوسری جانب 46 ارکان نے نیتن یاہو کی حمایت میں سفارش کی تھی، جبکہ بعض ارکان نے کسی امیدوار کی حمایت نہیں کی۔ آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کے لیے 28 دن دیے گئے ہیں، جس میں مزید 14 دن کی توسیع بھی ممکن ہے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ کنیسٹ میں حکومت بنانے کے لیے 120 میں سے کم از کم 61 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔ حالیہ انتخابات میں آئزن کوٹ کے چار جماعتی اتحاد کو 48 نشستیں جبکہ نیتن یاہو کے سیاسی بلاک کو 53 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ عرب جماعتوں نے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کیں، جس کے باعث نئی حکومت کی تشکیل کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔

نیتن یاہو کی پیشکش میں عرب جماعتوں کو حکومت سے باہر رکھنے پر زور دیا گیا ہے، جبکہ آئزن کوٹ نے اپنی مجوزہ حکومت میں شمولیت کے لیے سیاسی اصولوں کی پابندی اور انتہا پسند عناصر سے علیحدگی کو اہم شرط قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی ایمرجنسی حکومت کی قیادت ان کے پاس ہونی چاہیے اور سیاسی شراکت داری سنجیدہ بنیادوں پر قائم ہونی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین