بحیرہ احمر حوثی حملہ

بحیرہ احمر میں حوثی حملہ، کارگو جہاز کے 3 افراد ہلاک

بحیرہ احمر حوثی حملہ میں یمن کے قریب باب المندب آبنائے میں ایک چھوٹے کارگو جہاز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

یمنی کوسٹ گارڈ اور فوجی ذرائع کے مطابق تنزانیہ کے پرچم والے کارگو جہاز ’’تہامہ‘‘ پر منگل کو یمن کی بندرگاہ المخا کے قریب حملہ کیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ادارے ایمبری کے مطابق جہاز کو مبینہ طور پر حوثیوں نے نشانہ بنایا اور نقصان پہنچایا۔ حملے کے وقت جہاز یمن کے قریب جزیرہ پریم کے شمال مشرق میں لنگر انداز تھا۔

یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں 2 پاکستانی اور ایک انڈونیشیائی شہری ہلاک ہوئے۔ جہاز عمان کے شہر صلالہ سے جبوتی کی جانب سفر کر رہا تھا، تاہم حملے کے بعد عملے نے جہاز کا کنٹرول کھو دیا۔

برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بھی اطلاع ملنے کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کے مطابق المخا کے قریب ایک کارگو جہاز کو نامعلوم سمت سے آنے والے پروجیکٹائل نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔

حوثیوں نے تاحال حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم گروپ نے گزشتہ ماہ بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا اور اس اقدام کو سعودی عرب کی جانب سے یمن کے مبینہ محاصرے کا ردعمل قرار دیا تھا، جس کی ریاض نے تردید کی ہے۔

بحیرہ احمر حوثی حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں تجارتی جہاز رانی کو پہلے ہی بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے باب المندب سے روزانہ اوسطاً 32 جہاز گزرے، جبکہ ناکہ بندی سے قبل یہ تعداد تقریباً 50 تھی۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین