نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو سعودی اور ترک وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ بات چیت میں علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے گفتگو کی۔ رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال کا جائزہ لیا۔
سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے موریطانیہ کے اسماعیل ولد شیخ احمد کو اسلامی تعاون تنظیم کا نیا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں آئندہ ہونے والے آر فور اجلاس سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ نے اہم علاقائی اور سفارتی معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون اور رابطوں کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔
بعد ازاں اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے بھی ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا۔
پاکستانی اور ترک وزرائے خارجہ نے آئندہ سفارتی روابط اور اہم مصروفیات پر بھی بات کی، جن میں آر فور کا آئندہ اجلاس شامل ہے۔ اسحاق ڈار اور حاقان فیدان نے علاقائی معاملات پر رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔