اسحاق ڈار اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ 21 سے 25 ستمبر تک جاری رہنے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اسحاق ڈار اجلاس کے دوران مختلف وزارتی فورمز میں شرکت کریں گے اور پاکستان کے اہم مؤقف اور ترجیحات پیش کریں گے۔ ان کے پروگرام میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر متعدد اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
نائب وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ بھی مختلف سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی بھی رواں ہفتے نیویارک پہنچنے کی توقع ہے۔ اسحاق ڈار مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم کے جموں و کشمیر رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کریں گے۔
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 arrived in New York to participate in the High-Level Week of the 81st Session of the United Nations General Assembly.
He was received by Pakistan’s Permanent Representative to the UN Ambassador Asim… pic.twitter.com/yZ4lqRjL9y
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 21, 2026
فلسطین کا معاملہ بھی اسحاق ڈار کی سفارتی سرگرمیوں میں اہم موضوع ہوگا۔ وہ عرب اور اسلامی ممالک کے اجلاس سمیت دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد کے اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اسحاق ڈار مصنوعی ذہانت سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ وہ اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
حکومتی کفایت شعاری اقدامات کے تحت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے لیے پاکستانی وفد کو محدود رکھا گیا ہے۔ اسحاق ڈار اور خارجہ امور کے سینئر مشیر طارق فاطمی وزیراعظم کے وفد کا حصہ ہوں گے، جبکہ بعض وفاقی وزرا دورے میں شریک نہیں ہوں گے۔