پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندرا دویویدی کے حالیہ اشتعال انگیز بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک تسلیم شدہ ایٹمی طاقت اور جنوبی ایشیا کا ناقابلِ تردید حصہ ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے ایک انٹرویو میں پاکستان کے حوالے سے متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے یا نہیں۔ اس بیان پر پاکستان کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ پاکستان نہ صرف عالمی سطح پر ایک اہم ملک ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور وجود پر سوال اٹھانا ناقابل قبول ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت آج بھی پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ گزشتہ آٹھ دہائیوں کے دوران ایسی متکبرانہ اور جنگی سوچ نے جنوبی ایشیا کو کئی بار تنازعات اور کشیدگی کی طرف دھکیلا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ کسی خودمختار ایٹمی ریاست کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی دینا نہ سفارتی زبان ہے اور نہ ہی اسٹریٹیجک سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ طرزِ عمل انتہا پسندانہ ذہنیت اور جنگ پسندی کو ظاہر کرتا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان سخت بیانات خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرسکتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخی تنازعات کے باعث محتاط سفارتکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی امن کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی اشتعال انگیز بیانیے کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔