لندن: برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم نے پاکستان کرکٹ ٹیم سے اپنی تاریخی رہائش گاہ کلیئرنس ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ خوشگوار ماحول میں گفتگو کی اور آئندہ مقابلوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس اہم موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان، پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، معروف کاروباری شخصیت آصف رنگون والا اور دیگر اہم شخصیات بھی ملاقات میں شریک ہوئیں۔
ملاقات کے دوران شاہ چارلس سوم نے محسن نقوی سے ایران میں جاری جنگ کے حوالے سے سوال کیا۔ برطانوی بادشاہ نے جنگ کے مسلسل جاری رہنے پر حیرت کا اظہار بھی کیا اور موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
محسن نقوی نے جواب دیتے ہوئے صورتحال کو ایک قدم آگے اور ایک قدم پیچھے کے مترادف قرار دیا۔ ان کے مطابق ایران جنگ کے حوالے سے حالات میں مسلسل اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث صورتحال کو مکمل طور پر واضح قرار دینا مشکل ہے۔
شاہ چارلس سوم نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو مستقبل کے میچوں کے لیے حوصلہ دیا۔ انہوں نے پاکستانی ٹیم کی موجودہ مصروفیات اور دورہ برطانیہ کے حوالے سے بھی دلچسپی ظاہر کی۔
برطانوی بادشاہ نے پاکستانی کرکٹرز سے برطانیہ میں ان کے قیام، لندن کے موسم اور کھلاڑیوں کی فٹنس کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ اس دوران حالیہ میچوں میں ٹیم کی کارکردگی پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ کھلاڑیوں نے شاہ چارلس کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کیے۔