میشا شفیع علی ظفر کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لاہور ہائیکورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا فیصلہ معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے اپیل پر عبوری احکامات جاری کیے۔
یہ سماعت جسٹس احمد ندیم ارشد نے کی، جنہوں نے میشا شفیع کی جانب سے دائر اپیل پر غور کیا جو سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران عدالت نے 50 لاکھ روپے ہرجانے کی رقم علی ظفر کو دینے کا حکم معطل کر دیا، تاہم میشا شفیع کو آدھی رقم عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی گئی۔
عدالت نے مزید ہدایت دی کہ باقی آدھی رقم کی سیکیورٹی بھی عدالت میں جمع کروائی جائے تاکہ کیس کے حتمی فیصلے تک مالی ضمانت موجود رہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے علی ظفر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا، تاہم میشا شفیع کی مکمل فیصلے کی معطلی کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں میشا شفیع کو ہراسانی کے الزامات دوبارہ لگانے سے روکا ہے اور اس حکم کو معطل نہیں کیا جا سکتا۔
یہ کیس اس وقت شروع ہوا تھا جب علی ظفر نے ہتک عزت کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے 100 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا تھا۔