پاکستان بنگلہ دیش منشیات معاہدہ

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان انسداد منشیات تاریخی معاہدہ طے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ  صلاح الدین احمد سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، انسداد منشیات اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی سمگلنگ، غیر قانونی استعمال اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے۔ معاہدے پر پاکستان کی جانب سے محسن نقوی جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے صلاح الدین احمد نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل اور سمگلنگ روکنے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ اس کے علاوہ نوجوان نسل میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس کے معاشرتی اثرات کے خاتمے کیلئے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیاں منشیات فروش نیٹ ورکس اور سمگلروں کے بارے میں بروقت معلومات کا تبادلہ کریں گی تاکہ غیر قانونی سپلائی لائنز کو مؤثر انداز میں توڑا جا سکے۔ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

معاہدے میں اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انسداد منشیات کے کامیاب طریقہ کار ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس منصوبے میں ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی مدد فراہم کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین