شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش

شیخ حسینہ کا سزائے موت کے باوجود دسمبر میں بنگلہ دیش واپسی کا اعلان

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے سزائے موت اور جان کو لاحق خطرات کے باوجود دسمبر میں وطن واپس آنے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ واپسی کے خطرات سے آگاہ ہیں، تاہم کوئی دھمکی انہیں اپنے ملک آنے سے نہیں روک سکتی۔

شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے بعد بھارت فرار ہوگئی تھیں، جس کے نتیجے میں ان کے 15 سالہ اقتدار کا خاتمہ ہوا تھا۔ وہ تب سے بھارت میں مقیم ہیں۔ گزشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے مظاہرین کے خلاف مہلک کارروائی سے متعلق انسانیت کے خلاف جرائم میں انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔

ان کی واپسی کا اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل بنگلہ دیشی حکام نے خبردار کیا تھا کہ وطن واپسی پر انہیں پھانسی دی جاسکتی ہے۔ حکام کے مطابق اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد ان کے پاس مزید قانونی راستہ نہیں رہا۔ تاہم شیخ حسینہ مسلسل اپنے خلاف مقدمے اور عدالتی کارروائی کی قانونی حیثیت مسترد کرتی رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے بنگلہ دیشی حکام کے بیانات کو متضاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کئی ماہ سے ان کی واپسی کا مطالبہ کرتی رہی ہے، لیکن اب واپسی کی تیاری پر انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش نے بھارت سے ان کی حوالگی کی درخواست بھی کی ہے، جس کا بھارت قانونی جائزہ لے رہا ہے۔

شیخ حسینہ نے اپنی جماعت عوامی لیگ پر حالیہ پیٹرول بم حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی مسترد کردیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وطن واپسی کے لیے بھارت سے کسی مدد کی درخواست نہیں کریں گی کیونکہ وہ رضاکارانہ طور پر واپس جانے کا فیصلہ کرچکی ہیں۔ ان کے مطابق حوالگی کا معاملہ دو خودمختار ممالک کے درمیان ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف 600 سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں، جنہیں انہوں نے بے بنیاد قرار دیا۔ شیخ حسینہ کے مطابق ان کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کے ذریعے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواستیں بھی جمع کرائی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں واپسی کی تیاریاں جاری ہیں۔

79 سالہ شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ مرنا نہیں چاہتیں بلکہ زندہ رہ کر اپنے ملک کی خدمت جاری رکھنا چاہتی ہیں، تاہم وطن واپسی کے لیے موت کا سامنا بھی کرنے کو تیار ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ان کا اعلان سیاسی سرگرمی اور حامیوں سے رابطہ برقرار رکھنے کی کوشش ہوسکتا ہے، جبکہ عوامی لیگ کی سرگرمیوں پر پابندی ہے۔ انہیں بدعنوانی سمیت دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین