پاکستان میں ایل پی جی قیمت

ایل پی جی قیمتوں کا نیا نظام، پی ایس او کو اختیار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں کے تعین اور درآمدات کے نظام میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی، جس کے تحت پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور دیگر سرکاری کمپنیوں کو ایل پی جی کی درآمدات اور قیمتوں کے تعین میں مرکزی کردار دے دیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے اور قیمتوں میں شفافیت لانے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ نئے نظام کے تحت پی ایس او، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان ایل این جی سمیت دیگر سرکاری ادارے ایل پی جی کی بڑی مقدار میں درآمدات کا انتظام کریں گے۔

نئے Import Parity Pricing نظام کے تحت ایل پی جی کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کی قیمتوں، درآمدی اخراجات، شپنگ، انشورنس اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ سرکاری کمپنیوں کو اپنی ماہانہ درآمدی لاگت بھی عوام کے سامنے ظاہر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ قیمتوں کے نظام میں شفافیت برقرار رکھی جاسکے۔

وفاقی حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو حکومت سے حکومت (G2G) اور کاروباری سطح پر (B2B) معاہدوں کے ذریعے ایل پی جی درآمد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں گیس کی قلت پر قابو پانا اور صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے سپلائی میں اضافہ کرنا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق حکومت موسم سرما میں ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کے لیے درآمدات میں اضافہ کرے گی۔ اس مقصد کے لیے نجی شعبے کو بھی درآمدات اور مارکیٹ میں مقابلے کے عمل میں شامل ہونے کی ترغیب دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین