جاپان: 20ویں ایشین گیمز کے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم نے چین کو 0-3 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔ پول بی کے اہم میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف ٹیم کو مکمل طور پر دباؤ میں رکھا۔
جاپان میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان اور چین کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ میچ کے ابتدائی کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے بھرپور کوشش کی، تاہم کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے کوارٹر میں پاکستان ہاکی ٹیم نے کھیل کا نقشہ تبدیل کردیا۔ قومی کھلاڑیوں نے مسلسل حملے کیے اور چین کے دفاع کو دباؤ میں رکھتے ہوئے صرف چند منٹوں کے دوران تین گول اسکور کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول 19ویں منٹ میں کپتان ابوبکر محمود نے کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے عمدہ حملے کے بعد کپتان نے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور پاکستان کو میچ میں برتری دلادی۔
پاکستان نے برتری حاصل کرنے کے بعد بھی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ 24ویں منٹ میں سفیان خان نے پینلٹی کارنر پر شاندار گول کرکے قومی ٹیم کی برتری کو 0-2 کردیا، جس کے بعد چین پر دباؤ مزید بڑھ گیا۔
28ویں منٹ میں حنان شاہد نے ایک خوبصورت فیلڈ گول اسکور کیا۔ اس گول کے ساتھ پاکستان کی برتری 0-3 ہوگئی۔ چین کی ٹیم نے اس کے بعد واپسی کی کوشش کی، تاہم پاکستانی دفاع نے اسے گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔