اسلام آباد: آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام (EFF) کی شرائط پر عملدرآمد کے لیے وزارت خزانہ نے بجٹ سے زائد اضافی اخراجات کے حوالے سے قواعد مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق شدید قدرتی آفات کے علاوہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ بجٹ میں مقررہ حد سے زیادہ کسی غیر بجٹ شدہ اضافی اخراجات کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ پر غور نہیں کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری اخراجات میں مالیاتی نظم و ضبط کو برقرار رکھنا ہے۔
وزارت خزانہ کے بجٹ ونگ نے رواں مالی سال کے دوران فنڈز کی دوبارہ تخصیص اور اضافی فنڈز کی فراہمی کے لیے ایک حکمت عملی بھی تیار کی ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت اضافی اخراجات کی ضروریات کو موجودہ بجٹ کے دائرہ کار میں پورا کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔
رہنما اصولوں کے مطابق جہاں مطلوبہ فنڈز دوبارہ تخصیص یا ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (TSG) کے ذریعے فراہم کیے جاسکتے ہوں، وہاں انہی طریقہ کار کو اختیار کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ محکموں کو دستیاب بجٹ اور فنڈز کی ضروریات کا جائزہ لینا ہوگا۔
تاہم جہاں ان ذرائع سے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنا ممکن نہ ہو، وہاں متعلقہ پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر (PAO) کو سپلیمنٹری گرانٹ کے حصول کے لیے ٹھوس جواز اور قابل قبول وجوہات پیش کرنا ہوں گی۔ اضافی اخراجات کی درخواست کو مقررہ طریقہ کار کے تحت جانچا جائے گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ یہ ہدایات صرف موجودہ مالی سال تک محدود نہیں ہوں گی بلکہ آئندہ مالی سالوں میں بھی نافذ رہیں گی۔ ان کا اطلاق تمام پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران، محکموں، اداروں، ماتحت دفاتر اور اکاؤنٹنگ تنظیموں و دفاتر پر ہوگا۔