پاکستان اور ترکیہ نے عدالتی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ اس معاہدے کا مقصد سپریم کورٹ آف پاکستان اور ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران دونوں ممالک نے اپنے عدالتی اداروں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اور ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک ترکیہ عدالتی تعاون دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لائے گا اور ادارہ جاتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچائے گا۔
چیف جسٹس نے قانون کی حکمرانی کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے عدالتی نظام میں مختلف اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ انہوں نے عدالتی کارروائیوں کو بہتر بنانے اور عدالتوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے عدالتی نظام کو جدید بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق ای کورٹس کے ذریعے شہریوں کے لیے انصاف تک رسائی آسان بنائی جا سکے گی اور ٹیکنالوجی کی مدد سے عدالتی خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی۔
ترکیہ کی کورٹ آف کیسیشن کے صدر عمر کرکیز نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جو باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔ ان کے مطابق یہی تعلقات عدالتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
عمر کرکیز نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے عدالتی نظام کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔ مفاہمتی یادداشت سے دونوں ممالک کی اعلیٰ عدالتوں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور تجربات کے تبادلے کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔