ایران جنگ میں امریکی فوجی زخمی ہونے والوں کی تعداد گزشتہ دو ہفتوں میں تقریباً 100 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ 7 جولائی سے جاری جھڑپوں کے دوران متعدد فوجی مختلف حملوں میں زخمی ہوئے۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے بتایا کہ تقریباً 100 امریکی فوجیوں کو مختلف نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ ان کے مطابق زخمی ہونے والے 96 فیصد اہلکار علاج کے بعد دوبارہ اپنی ڈیوٹی پر واپس آ چکے ہیں۔
تازہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ایران جنگ میں امریکی فوجی زخمی ہونے کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ یہ صورتحال خطے میں جاری فوجی کشیدگی اور حملوں کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب پینٹاگون نے جمعہ کو ایرانی حملے میں ہلاک ہونے والے دو امریکی فوجیوں کی شناخت بھی ظاہر کی۔ اس سے قبل محکمہ دفاع نے بتایا تھا کہ 28 فروری سے اب تک 14 امریکی فوجی ہلاک اور 427 زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ شمالی عراق اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی جوابی حملوں کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اردن میں حملے کے مقام سے ملنے والے ناقابل شناخت جسمانی اعضا کا فرانزک معائنہ جاری ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہلاکتوں کی حتمی تعداد سامنے آ سکتی ہے۔
امریکا پہلے ہی ایرانی حملوں میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کر چکا ہے جبکہ ایک فوجی تاحال لاپتا ہے۔ امریکی فوج نے 18 جولائی کو شمالی عراق میں کارروائی کے دوران ایک فوجی اہلکار کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔