پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ

سب میرین کیبل مرمت، پی ٹی سی ایل صارفین کو انٹرنیٹ سست روی کا سامنا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے صارفین کو آنے والے دنوں میں انٹرنیٹ سروس کی سست روی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کمپنی نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے صارفین کو ممکنہ متاثرہ سروس کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔

پی ٹی سی ایل کے مطابق انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کی وجہ سب میرین کیبل کی مرمت کا کام ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ یہ مرمتی کام 11 مئی سے 18 مئی تک جاری رہے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ مرمت کے دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان زیادہ ہے کیونکہ اس وقت صارفین کی تعداد اور انٹرنیٹ استعمال میں اضافہ ہوتا ہے۔

کمپنی کے مطابق بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی جانب سے سب میرین کیبل کی مرمت اور دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ یہ کیبلز عالمی سطح پر انٹرنیٹ اور ڈیٹا کی ترسیل کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ یہ مرمت مستقبل میں بہتر انٹرنیٹ معیار اور مستحکم سروسز کی فراہمی کیلئے ضروری ہے۔ کمپنی نے یقین دہانی کرائی کہ صارفین کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں اس کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سب میرین کیبلز عالمی انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کا بنیادی حصہ ہیں اور ان میں کسی بھی قسم کی خرابی یا مرمت متعدد ممالک میں انٹرنیٹ رفتار کو متاثر کر سکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین