چین نے تصدیق کی ہے کہ صدر شی جن پنگ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن رواں ہفتے اپنے پہلے سہ فریقی اجلاس میں عالمی امن اور سلامتی پر بات کریں گے۔ تینوں رہنماؤں کی ملاقات جمعرات کو چینی شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) اجلاس کے موقع پر ہوگی۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ اس ملاقات میں بڑی عالمی طاقتوں کے تعلقات میں اسٹریٹجک استحکام برقرار رکھنے اور عالمی امن کے تحفظ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے اس اجلاس کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ تاہم، بیجنگ نے مذاکرات کے ایجنڈے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
توقع ہے کہ جوہری تخفیف اسلحہ بھی اجلاس کے اہم موضوعات میں شامل ہوگا۔ امریکا چاہتا ہے کہ چین اپنے بڑھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے کے باعث جوہری اسلحے پر کنٹرول کے معاہدے کا حصہ بنے۔ تاہم بیجنگ کا مؤقف ہے کہ امریکا اور روس کو پہلے اپنے بڑے جوہری ذخائر میں کمی کرنی چاہیے۔
یہ معاملہ فروری میں امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدہ ختم ہونے کے بعد مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے بعد ایک نئے معاہدے کی تجویز دی تھی، جس میں چین کو بھی شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بھی اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے ذریعے امن اور جوہری تخفیف اسلحہ کی اہمیت پر بات کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اس حوالے سے پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا۔
ایران کے ساتھ جاری جنگ بھی متوقع طور پر اجلاس کا اہم موضوع ہوگی۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تینوں رہنما اس تنازع کے خاتمے کے لیے کوششوں پر بات کریں گے۔ ایران کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات رکھنے والا چین مشرق وسطیٰ کے ممالک کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس تنازع کے باعث عالمی بحری تجارت متاثر ہوئی ہے اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب روس یوکرین جنگ پر اجلاس میں بات چیت کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پیوٹن چاہتے ہیں کہ یہ ملاقات یوکرین میں ایسے امن معاہدے کی راہ ہموار کرے جو ماسکو کے مفادات کے مطابق ہو۔ تاہم یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس تنازع کے کسی بھی مذاکراتی عمل میں یوکرین اور یورپی ممالک کی شرکت ضروری ہے۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بھی خبردار کیا ہے کہ ان کے ملک کو نظرانداز کرکے فیصلے کیے جاسکتے ہیں۔
تینوں بڑی طاقتوں کے رہنماؤں کی مجوزہ ملاقات عالمی سیاست اور سلامتی کے حوالے سے توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ جرمن صدر فرینک والٹر شٹائن مائر کے مطابق شی جن پنگ نے یوکرین تنازع پر یورپی ممالک کی عدم موجودگی میں بات کرنے پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ ادھر یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سائیبہا نے خبردار کیا ہے کہ یہ اجلاس پیوٹن کو جنگ جاری رکھنے کی ترغیب دے سکتا ہے۔