متحدہ عرب امارات سوشل میڈیا پابندی

متحدہ عرب امارات میں 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مکمل پابندی

متحدہ عرب امارات نے بچوں کے آن لائن تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت کم عمر بچوں کو کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ذاتی اکاؤنٹ بنانے، استعمال کرنے یا چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکام کے مطابق اس پابندی میں والدین یا سرپرست کی اجازت بھی مؤثر نہیں ہوگی۔ یعنی اگر والدین اجازت بھی دیں تو 15 سال سے کم عمر بچے سوشل میڈیا اکاؤنٹ نہیں بنا سکیں گے، کیونکہ نئی پالیسی میں کسی قسم کا استثنا شامل نہیں رکھا گیا۔

رپورٹس کے مطابق حکومت نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے ڈیجیٹل آئی ڈی اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی عمر کی تصدیق کا نظام لازمی قرار دیا ہے۔ ان ٹیکنالوجیز کے ذریعے صارفین کی عمر کی تصدیق کی جائے گی تاکہ کم عمر بچوں کی رسائی روکی جا سکے۔

اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا کمپنیاں نہ صرف نئے کم عمر صارفین کو رجسٹر ہونے سے روکیں گی بلکہ پہلے سے موجود ایسے تمام اکاؤنٹس بھی بند کرنے کی پابند ہوں گی جو 15 سال سے کم عمر بچوں کے نام پر قائم ہیں۔

حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو نئے قوانین پر عمل درآمد کے لیے 12 ماہ کی مہلت دی ہے۔ اس دوران کمپنیوں کو اپنے سسٹمز کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا تاکہ عمر کی تصدیق اور حفاظتی اقدامات مؤثر طریقے سے نافذ کیے جا سکیں۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے یہ فیصلہ بچوں کو سائبر بُلیئنگ، نامناسب مواد، آن لائن استحصال اور دیگر ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے کے مقصد سے کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بچوں کے لیے محفوظ آن لائن ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین