پاکستان کا حوثیوں کو انتباہ

پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو خطرہ قومی سلامتی کے خلاف تصور ہوگا، پاکستان نے حوثیوں کو خبردار کردیا

پاکستان نے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں جہاز رانی کے خلاف حوثی باغیوں کی دھمکیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا حوثیوں کو انتباہ ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو کسی بھی قسم کا خطرہ قومی سلامتی کے خلاف تصور کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفق علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو دی جانے والی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اور قانونی اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اگر کسی پاکستانی پرچم بردار جہاز کو نشانہ بنانے یا نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو اسے پاکستان کی قومی سلامتی کے خلاف اقدام سمجھا جائے گا۔ حکومت اپنے بحری اور تجارتی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

دفتر خارجہ نے ایک بار پھر سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان نے بحیرہ احمر میں محفوظ جہاز رانی اور عالمی تجارت کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کریں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اقدامات کریں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا، جس کے بعد خطے میں سمندری سلامتی اور عالمی تجارتی راستوں کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خبردار کیا کہ اگر حوثی بحیرہ احمر میں ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کرتے ہیں تو امریکا مناسب جواب دے گا اور صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ اس پیش رفت نے خطے کی سلامتی پر عالمی توجہ مزید بڑھا دی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین