پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے موٹروے ایم ون پر بی آر ٹی بس سروس شروع کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے، جس کا مقصد پشاور سے قریبی اضلاع کے درمیان سفری سہولت کو بہتر بنانا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام کے مطابق مجوزہ سروس کے ذریعے نوشہرہ، مردان، صوابی اور چارسدہ تک بی آر ٹی بسیں چلانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔ اس سروس سے روزانہ بڑی تعداد میں مسافروں کو سفر کی بہتر سہولت فراہم ہونے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت موٹروے پر موجود مختلف ٹول پلازوں سے مسافروں کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ اس اقدام سے ان علاقوں سے پشاور اور دیگر مقامات کا سفر کرنے والے افراد کو براہ راست فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق مجوزہ بی آر ٹی سروس سے روزانہ ہزاروں مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔ تاہم سروس کے روٹ، اسٹاپس اور دیگر تفصیلات کا حتمی فیصلہ منصوبے کی فزیبلٹی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
حکام نے بتایا کہ بی آر ٹی اسٹیشنز کہاں قائم کیے جائیں گے، اس کا تعین فزیبلٹی اسٹڈی میں کیا جائے گا۔ اسٹڈی کے دوران مسافروں کی تعداد، سفری ضروریات اور مختلف مقامات کی موزونیت سمیت دیگر عوامل کا جائزہ لیا جائے گا۔
مجوزہ منصوبہ پشاور اور موٹروے ایم ون سے منسلک اضلاع کے درمیان پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کا حصہ ہے۔ اگر منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو روزانہ سفر کرنے والے افراد کے لیے ایک نسبتاً منظم سفری متبادل دستیاب ہوسکتا ہے۔