وزیراعظم اپنا گھر پروگرام

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام: 1845 افراد کو 5 ارب روپے کے قرضے جاری

اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کیے جاچکے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے خاندانوں کو گھر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ آئندہ چار برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 25 ہزار 304 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں سے 8 ہزار 990 درخواستیں منظور کی جاچکی ہیں۔

حکام کے مطابق منظور شدہ قرضوں کی مجموعی مالیت 37 ارب روپے سے تجاوز کرچکی ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ اس اسکیم سے ملک میں ہاؤسنگ سیکٹر کو فروغ ملے گا اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکرٹری قانون و انصاف نے کمیٹی کو پروگرام کے نفاذ، ہاؤسنگ فنانس اور فورکلوژر قوانین سے متعلق مجوزہ اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ایک سبسڈی شدہ ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے۔ اس کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا جس پر صرف 5 فیصد مارک اپ عائد ہوگا۔

حکام کے مطابق قرض کی ادائیگی کی مدت 20 سال رکھی گئی ہے جبکہ فنانسنگ کا تناسب 90:10 ہوگا۔ اس کا مطلب ہے کہ گھر کی قیمت کا 90 فیصد حصہ بینک فراہم کرے گا جبکہ درخواست گزار کو صرف 10 فیصد رقم ادا کرنا ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

نمایاں زمرے

تازہ ترین