آزاد جموں و کشمیر کے حلقوں ایل اے 15 اور ایل اے 16 کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔ تازہ آزاد کشمیر انتخابات میں ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی جہاں پہلے پولنگ ملتوی ہوئی تھی۔
باغ کے حلقہ ایل اے 15 کے 9 اور ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک دوبارہ پولنگ ہوئی۔ حکام کے مطابق سخت سکیورٹی انتظامات میں پولنگ کا عمل پرامن طور پر مکمل ہوا۔
ایل اے 15 میں 5 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جبکہ ایل اے 16 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 ہزار 4 ہے۔ گنتی شروع ہونے سے قبل پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا قمر کو مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس پر ایک ہزار 722 ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔
ایل اے 16 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار میر اکبر خان کو سردار قمر زمان پر 3 ہزار 225 ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔ دونوں حلقوں میں آزاد کشمیر انتخابات کے دوران 10 اگست کو کشیدگی کے باعث پولنگ عملہ پولنگ اسٹیشنز تک نہ پہنچ سکا تھا، جس کے بعد پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ایل اے 14 اور ایل اے 17 کے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیئے۔ جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے امیدوار ساجد اقبال کو ایل اے 14 باغ ویسٹ سے کامیاب قرار دیا گیا، جبکہ پیپلز پارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور کی ایل اے 17 حویلی سے کامیابی کی بھی تصدیق کردی گئی۔
انتخابات کے تیسرے مرحلے میں ابتدائی طور پر پونچھ ڈویژن کے 11 حلقوں میں پولنگ ہونا تھی، تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث الیکشن کمیشن نے پولنگ باغ اور حویلی اضلاع تک محدود کردی تھی۔
ایل اے 17 حویلی کا نتیجہ بدستور متنازع ہے، جہاں مسلم لیگ ن کے امیدوار انجینئر محسن عزیز نے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا، جبکہ ایل اے 15 اور ایل اے 16 کی تازہ گنتی کا نتیجہ سامنے آنا باقی ہے۔