اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔
27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں اسحاق ڈار نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج سری نگر میں داخل ہوئی تھی۔ ان کے مطابق تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اور کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں۔
نائب وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلے کے پُرامن حل کے لیے کشمیری عوام کی امنگوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد انصاف، امن اور حق خودارادیت کے لیے ہے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر عالمی توجہ میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماؤں کی حراست پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی صورتحال پر عالمی برادری کی مسلسل توجہ کو ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کو طاقت اور جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔
نائب وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے مؤثر عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔