خیبر: خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اہم مطلوب دہشتگرد کمانڈر سیف اللہ کو ہلاک کردیا، کارروائی کے دوران پولیس اور دہشتگرد کمانڈر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد کے مطابق تھانہ باڑہ کی حدود میں واقع شیخان پل کے قریب دہشتگرد کمانڈر کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کی۔
ڈی پی او کے مطابق کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں اور دہشتگرد کمانڈر کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں کمانڈر سیف اللہ ہلاک ہوگیا۔
وقار احمد نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا کمانڈر ضلع خیبر میں تھانہ علی مسجد کی حدود میں ہونے والے متعدد بم دھماکوں اور پولیس چیک پوسٹوں پر حملوں کے مقدمات میں نامزد تھا۔ وہ محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کو بھی مطلوب تھا۔
ڈی پی او کے مطابق سیف اللہ حال ہی میں افغانستان سے ضلع خیبر منتقل ہوا تھا اور پولیس کارروائی کے روز باڑہ سے پشاور جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک کمانڈر کے خلاف مختلف دہشتگردی کے واقعات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں کے مقدمات درج تھے۔